ریاض،18جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب کی پولیس نے وزارت لیبر سماجی بہبود کے تعاون سے تبوک شہر میں ایک کم عمر بچے پر وحشیانہ تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک شخص کو حراست میں لیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس بالخصوص ٹوئٹر پرسامنے آنے والے ویڈیو میں ایک بچے کے جسم کے دیگر حصوں اور سرپر تشدد کی واضح علامات دیکھی جاسکتی ہیں۔ وزارت برائے سماجی بہبود کے ترجمان خالد ابا الخیل نے منگل کی شام بتایا کہ متعلقہ حکام نے بچے پر تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد تبوک میں الخالدیہ کالونی سے ایک شخص کو بچے پر تشدد کے الزام میں حراست میں لیا ہے۔
تشدد کا نشانہ بننے والے بچے کہ شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس کا تعلق تبوک سے بتایا جاتا ہے۔ بچے پر تشدد کی ویڈیو دو روز قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے اس واقعے میں ملوث شخص کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کیے تھے۔